ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں کورونا وائرس سے مزید 2اموات، متاثرین 279ہو گئے

کرناٹک میں کورونا وائرس سے مزید 2اموات، متاثرین 279ہو گئے

Thu, 16 Apr 2020 09:18:23    S.O. News Service

بنگلورو،16؍اپریل (ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔

چہارشنبہ کے روز 19نئے معاملوں کے ساتھ ریاست میں متاثرین کی تعدا د بڑھ کر 279تک پہنچ گئی جبکہ2 اموات کے ساتھ اس وائرس کا شکار ہونے والے ایک درجن ہو گئے۔کورونا وائر س میں مبتلا ہو کر ٹھیک ہونے والوں کی تعداد 80ہو گئی۔

ریاستی وزیر تعلیم سریش کمار نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تفصیلات میڈیا کو دیتے ہوئے کہا کہ فی الوقت جو 187افراد زیر علاج ہیں ان میں سے 184کا آئسو لیشن سینٹر میں علاج جاری ہے جبکہ تین آئی سی یو میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منگل کی شام 5بجے کے بعد سے چہارشنبہ کی شام 5بجے تک 19نئے معاملات سامنے آئے۔سریش کمار نے کہا کہ پیرکی شام سے اب تک کرناٹک میں کورونا سے چھ لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ چہارشنبہ کی شام یہ تعداد 12تک پہنچ گئی۔

انہو ں نے کہا کہ کرناٹک میں اب تک 12483افراد کی کورونا وائرس کے لئے جانچ کی گئی ہے جن میں سے 279میں وائرس کی تصدیق ہو ئی۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19سے متاثر ہونے والے افراد سے قریبی ربط میں رہنے والوں کے لئے کوارنٹائن کی مدت پوری ہونے کے بعد ان کے علاج کے والو اپ کے لئے محکمہ صحت کی طرف سے ایک لائحہ عمل(ایس او پی) وضع کیا جا رہا ہے۔ان تمام کو اس کی ہر حال میں پابندی کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سانس لینے میں شدید تکلیف کے جتنے بھی معاملہ سامنے آ رہے ہیں ان تمام کو کووڈ۔19میں شمار کرنے کی ہدایت دی جا چکی ہے۔اور کہا گیا ہے کہ ان کی بھی جانچ لازمی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ کو اب تک 138.26کروڑ روپیوں کی رقم موصول ہو ئی ہے۔چہارشنبہ کے روز بیلگاوی میں کورونا وائر س سے متاثر ایک خاتو ن کی موت ہو گئی۔ایک اور موت بنگلورو کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں ہوئی۔ چکبالاپور کے 65سالہ ساکن نے جو کورونا وائرس سے متاثر تھا دم توڑ دیا۔


Share: